زندگی گزارنا مشکل نہیں، اسے جینا مشکل ہے
میری تنہائی نے مجھے کیا سکھایا
اکثر لوگ کہتے ہیں کہ زندگی بہت مشکل ہے۔ لیکن جب میں غور کرتی ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ زندگی گزارنا مشکل نہیں ہے، اسے جینا مشکل ہے۔ گزارنا تو وقت کا کام ہے، وقت گزر ہی جاتا ہے۔ چاہے خوشی ہو یا غم، دن گزر جاتا ہے، مہینے گزر جاتے ہیں، سال گزر جاتے ہیں۔ لیکن جینا، اصل میں جینا، وہ الگ چیز ہے۔ جینا مطلب ہر لمحے کو محسوس کرنا، اپنے دل کی سننا، اپنے خوابوں کے لیے جینا۔
ہم سب گزر رہے ہیں۔ صبح اٹھتے ہیں، کام کرتے ہیں، کھانا کھاتے ہیں، پھر سو جاتے ہیں۔ یہ گزارنا ہے۔ لیکن کیا یہ جینا ہے؟ نہیں۔ جینا وہ ہے جب ہم اپنے دل سے ہنستے ہیں، جب ہم کسی اپنے کو دل سے یاد کرتے ہیں، جب ہم اپنی کسی چھوٹی سی خوشی پر خوش ہو جاتے ہیں۔
میری زندگی میں بھی بہت سے ایسے لمحے آئے جب مجھے لگا کہ بس گزر رہی ہوں۔ دل میں بہت سی باتیں تھیں جو میں کسی سے کہہ نہیں سکتی تھی۔ بہت سے دکھ تھے جو میں چھپا رہی تھی۔ بہت سی یادیں تھیں جو مجھے رات کو سونے نہیں دیتی تھیں۔ لوگ سمجھتے تھے کہ میں ٹھیک ہوں، میں ہنس رہی ہوں، تو سب ٹھیک ہے۔ لیکن اندر ہی اندر میں ٹوٹ رہی تھی۔ کوئی نہیں جانتا تھا کہ میرے دل میں کیا چل رہا ہے۔
پھر مجھے ایک چیز سمجھ آئی۔ جو باتیں ہم کسی سے کہہ نہیں سکتے، وہ ہم لکھ سکتے ہیں۔ لکھنا میرے لیے صرف شوق نہیں ہے، یہ میرے دل کا سکون ہے۔ جب میں لکھتی ہوں تو ایسا لگتا ہے جیسے میرے دل کا بوجھ ہلکا ہو گیا ہو۔ جیسے میں نے اپنے دل کی بات کسی اپنے کو کہہ دی ہو۔ اس لیے میں لکھنا چاہتی ہوں۔ کیونکہ لکھنا ہی میری آواز ہے۔
زندگی میں ہر انسان کے پاس کوئی نہ کوئی دکھ ضرور ہوتا ہے۔ کسی کا دکھ بڑا ہوتا ہے، کسی کا چھوٹا۔ لیکن دکھ تو دکھ ہوتا ہے۔ کوئی اپنا بچھڑ جاتا ہے، کوئی خواب ٹوٹ جاتا ہے، کوئی امید ختم ہو جاتی ہے۔ ہم سوچتے ہیں کہ بس اب سب ختم ہو گیا۔ لیکن نہیں، زندگی وہاں ختم نہیں ہوتی۔ زندگی تو وہاں سے شروع ہوتی ہے جہاں ہم ہار کر بھی پھر سے کھڑے ہو جاتے ہیں۔
میں نے سیکھا ہے کہ تنہائی بری نہیں ہوتی۔ تنہائی میں انسان خود کو پہچانتا ہے۔ جب سب چلے جاتے ہیں، تب پتہ چلتا ہے کہ ہم خود کتنے مضبوط ہیں۔ تنہائی میں جو آنسو نکلتے ہیں، وہ دل کو صاف کر دیتے ہیں۔ تنہائی میں جو یادیں آتی ہیں، وہ ہمیں سکھاتی ہیں کہ ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا۔
لوگ کہتے ہیں کہ وقت ہر زخم بھر دیتا ہے۔ یہ بات آدھی سچ ہے۔ وقت زخم کو بھر دیتا ہے لیکن نشان رہ جاتا ہے۔ اور وہ نشان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کتنا کچھ سہہ لیا ہے۔ اور پھر بھی ہم زندہ ہیں۔ یہی تو جینا ہے۔ زخم کے ساتھ بھی مسکرانا، دکھ کے ساتھ بھی آگے بڑھنا۔

ماں کے پیار کو ہی دیکھ لو۔ ماں کبھی نہیں کہتی کہ میں تھک گئی ہوں۔ وہ ساری زندگی اپنے بچوں کے لیے جیتی ہے۔ اس کا جینا ہی اس کے بچوں کی خوشی میں ہے۔ جب ہم چھوٹے ہوتے ہیں تو ماں ہماری ہر ضرورت کا خیال رکھتی ہے۔ جب ہم بڑے ہو جاتے ہیں تو بھی ماں کی دعا ہمارے ساتھ ہوتی ہے۔ ماں کی ایک دعا سے ہی زندگی آسان ہو جاتی ہے۔

چھوٹی خوشیاں ہی اصل زندگی ہیں
زندگی کو جینے کے لیے بڑے بڑے خواب دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ چھوٹی چھوٹی خوشیوں میں ہی جینا چھپا ہے۔ ایک کپ چائے جو سکون سے پی جائے۔ کسی اپنے کی ایک مسکراہٹ۔ بارش کی بوندوں کی خوشبو۔ کسی بچے کی ہنسی۔ یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہی زندگی کو خوبصورت بناتی ہیں۔ ہم ان کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور بڑی خوشیوں کے پیچھے بھاگتے رہتے ہیں۔
اگر آج تم دکھی ہو، تو یہ یاد رکھو کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ آج جو آنسو ہیں، کل وہ مسکراہٹ بن جائیں گے۔ آج جو اندھیرا ہے، کل وہ روشنی بن جائے گا۔ بس ہمت مت ہارنا۔ اپنے دل کی سنو۔ جو تمہیں اچھا لگتا ہے، وہ کرو۔ جو تمہیں سکون دیتا ہے، وہ کرو۔ زندگی ایک بار ملتی ہے، اسے صرف گزارو مت، اسے جیو۔
آخر میں میں یہی کہوں گی کہ زندگی گزارنا تو سب کو آتا ہے، لیکن جینا انہی کو آتا ہے جو ٹوٹ کر بھی جڑ جاتے ہیں، رو کر بھی ہنس لیتے ہیں، اور ہار کر بھی پھر سے کوشش کرتے ہیں۔ تم بھی ان میں سے ایک ہو۔ اس لیے آج سے گزارنا بند کرو، جینا شروع کرو۔
میری دعا تمہارے لیے
اگر تم یہ آرٹیکل پڑھ رہے ہو تو میں تم سے صرف یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اپنے آپ کو اکیلا مت سمجھو۔ دنیا میں بہت سے لوگ ہیں جو تمہاری طرح دکھ سے گزر رہے ہیں۔ لیکن فرق صرف اتنا ہے کہ کوئی ہار مان لیتا ہے اور کوئی جینا سیکھ لیتا ہے۔ تم ہار مت مانو۔ تم بہت مضبوط ہو، تمہیں خود بھی نہیں پتہ کہ تم کتنی مضبوط ہو۔ ایک دن آئے گا جب تم پیچھے مڑ کر دیکھو گی تو تمہیں اپنے آپ پہ فخر ہوگا کہ میں نے اتنا کچھ سہہ کر بھی ہمت نہیں ہاری۔ زندگی تمہیں پھر سے موقع دے گی، بس تم اس موقع کو پہچانو۔ اپنے دل کو خوش رکھو، اپنوں سے پیار کرو، اور ہر دن کو ایسے جیو جیسے وہ تمہارا آخری دن ہو۔ کیونکہ گزرا ہوا وقت واپس نہیں آتا، لیکن آنے والا وقت تمہارا ہے۔ اسے خوبصورت بناؤ۔
زندگی گزارنا نہیں، زندگی کو جینا سیکھو
جو گزر گئی اسے بھولو، جو باقی ہے اسے جیو
ٹوٹ کر بھی مسکرانا ہی اصل زندگی ہے
گزار دینا آسان ہے، جی کر دکھانا ہی بندگی ہے
آخر میں میں بس یہی کہنا چاہتی ہوں کہ زندگی نے مجھے بہت کچھ سکھایا ہے۔ میں نے دکھ بھی دیکھے ہیں اور خوشی بھی دیکھی ہے۔ لیکن اب میں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ میں اب رونا نہیں چاہتی، میں اب مسکرانا چاہتی ہوں۔ میں اپنی زندگی کو اپنے لیے جینا چاہتی ہوں۔









Comments 0
Sign in to join the conversation.
No comments yet. Be the first to say something.