تحریر:سیدہ مناحل راحیل
تمہید:
بچپن انسان کی زندگی کی سب سے نازک اور سب سے اہم منزل ہوتی ہے۔ جس طرح ایک ننھا پودا اگر شروع میں ٹیڑھا ہو جائے تو ساری زندگی ٹیڑھا ہی رہتا ہے، بالکل اسی طرح بچپن میں لگنے والے نفسیاتی زخم بھی انسان کی پوری زندگی پر اثر ڈالتے ہیں۔
ہم اکثر سمجھتے ہیں کہ بچہ چھوٹا ہے، اسے کیا یاد رہے گا، وہ تو بھول جائے گا۔ مگر سائنس کہتی ہے کہ بچہ بھولتا نہیں ہے، اس کا دماغ ہر بات کو محفوظ کر لیتا ہے۔ جو بات زبان سے کہی جائے، جو منظر آنکھوں سے دیکھا جائے، جو ڈر دل میں بیٹھ جائے، وہ سب بچے کے دماغ میں ایک فائل کی طرح سیو ہو جاتا ہے۔ اور پھر بڑے ہو کر وہی فائل اس کی سوچ، اس کے فیصلوں، اس کے رشتوں اور اس کی پوری شخصیت کو چلاتی ہے۔
بچوں کے نفسیاتی صدمات کا مطلب صرف مار پیٹ نہیں ہے۔ چیخنا، طعنے دینا، دوسرے بچوں سے موازنہ کرنا، نظر انداز کرنا، محبت سے محروم رکھنا، گھر میں ہر وقت لڑائی جھگڑا دیکھنا، یہ سب بھی صدمے ہی ہیں۔ اور یہ صدمے نظر نہیں آتے، اس لیے ہم ان کو معمولی سمجھ لیتے ہیں، مگر ان کا زخم سب سے گہرا ہوتا ہے۔
نفسیاتی صدمہ کیا ہوتا ہے؟
نفسیاتی صدمہ اس وقت لگتا ہے جب بچہ کسی ایسے واقعے سے گزرے جس سے اسے شدید خوف، بے بسی اور عدم تحفظ محسوس ہو۔ بچے کا دماغ ابھی پوری طرح مضبوط نہیں ہوتا، وہ بڑوں کی طرح واقعے کو سمجھ کر خود کو سنبھال نہیں سکتا۔ اس لیے ایک چھوٹی سی بات بھی اس کے لیے بہت بڑی بن جاتی ہے۔
مثال کے طور پر اگر باپ ہر روز ماں پر چیختا ہے تو بچے کو یہ لگتا ہے کہ میرا گھر محفوظ نہیں ہے۔ اگر استاد سب کے سامنے بچے کی بے عزتی کر دے تو بچے کو یہ لگتا ہے کہ میں بیکار ہوں۔ اگر بچے کو بار بار یہ کہا جائے کہ تم سے کچھ نہیں ہوگا، تم نالائق ہو، تو بچہ اس بات کو سچ مان لیتا ہے اور ساری زندگی اسی یقین کے ساتھ جیتا ہے۔
بچوں کو نفسیاتی صدمہ کن وجوہات سے لگتا ہے؟
1. گھر کا ماحول
گھر بچے کی پہلی دنیا ہوتی ہے۔ اگر اسی دنیا میں لڑائی، گالی، مار پیٹ، طلاق کی دھمکیاں اور خاموشی ہو تو بچہ اندر سے ٹوٹ جاتا ہے۔ وہ بچہ جو ماں باپ کو ہر وقت لڑتے دیکھتا ہے، وہ بڑا ہو کر یا تو خود بہت غصے والا بن جاتا ہے یا پھر ہر رشتے سے ڈرنے لگتا ہے۔
والدین کی بے توجہی
کبھی کبھی والدین بچے کو مارتے نہیں، مگر اس کی طرف توجہ بھی نہیں دیتے۔ بچہ رو رہا ہے، مگر کوئی سننے والا نہیں۔ بچہ کامیاب ہو کر آتا ہے، مگر کوئی شاباش دینے والا نہیں۔ یہ نظر انداز کرنا بھی ایک بہت بڑا صدمہ ہے۔ بچہ سوچنے لگتا ہے کہ میں اہم نہیں ہوں، میری کوئی قیمت نہیں ہے۔
جسمانی اور جذباتی بدسلوکی
مارنا، دھکا دینا، کان کھینچنا، اور سب کے سامنے ذلیل کرنا بچے کے اندر نفرت اور خوف بھر دیتا ہے۔ اسی طرح طعنے دینا، جیسے تم منحوس ہو، تمہاری وجہ سے ہم پریشان ہیں، یہ جملے بچے کے دل پر ایسا زخم لگاتے ہیں جو ساری زندگی نہیں بھرتا۔

کسی اپنے کا بچھڑ جانا
ماں، باپ، دادا، دادی یا کسی بہت قریبی رشتے کی موت یا جدائی بچے کو اندر سے ہلا دیتی ہے۔ بچہ سمجھ نہیں پاتا کہ جو شخص کل تک میرے ساتھ تھا، وہ آج کہاں چلا گیا۔ اس کا دماغ اس سوال کا جواب ڈھونڈتا رہتا ہے اور وہ خوف میں مبتلا ہو جاتا ہے کہ کہیں باقی لوگ بھی مجھے چھوڑ کر نہ چلے جائیں۔
غربت، بیماری اور معاشرتی دباؤ
جس بچے نے بچپن میں بھوک دیکھی ہو، جس نے اپنے ماں باپ کو پیسوں کے لیے روتے دیکھا ہو، جس کا مذاق اس کے کپڑوں یا اس کی غربت پر اڑایا گیا ہو، وہ بچہ بڑا ہو کر بھی اپنے آپ کو دوسروں سے کمتر سمجھتا رہتا ہے۔ اس کے اندر ایک مستقل احساس محرومی بیٹھ جاتا ہے۔
بچپن کے صدمات کا دماغ پر کیا اثر پڑتا ہے
سائنسدان کہتے ہیں کہ بچپن میں دماغ بہت تیزی سے بن رہا ہوتا ہے۔ جب بچہ مسلسل خوف اور دباؤ میں رہتا ہے تو اس کے دماغ میں ایک خاص حصہ، جو خطرے کو محسوس کرتا ہے، وہ ہر وقت ایکٹیو رہتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بچہ بڑا ہو کر بھی چھوٹی چھوٹی باتوں پر ڈر جاتا ہے، گھبرا جاتا ہے، اس کا دل تیزی سے دھڑکنے لگتا ہے۔
ایسا بچہ جب بڑا ہوتا ہے تو اسے نیند نہیں آتی، اسے ہر وقت یہ لگتا ہے کہ کچھ برا ہونے والا ہے۔ وہ لوگوں پر آسانی سے بھروسہ نہیں کر پاتا۔ اسے لگتا ہے کہ اگر میں نے کسی پر بھروسہ کیا تو وہ مجھے دھوکا دے دے گا۔ یہی وجہ ہے کہ بچپن کے صدمے والے لوگ اکثر تنہائی پسند ہو جاتے ہیں۔
بچے میں صدمے کی نشانیاں کیسے پہچانیں؟
اگر بچہ اچانک خاموش ہو جائے، پہلے سے زیادہ رونے لگے، کھانا کم کھائے، رات کو ڈر کر اٹھے، سکول جانے سے ڈرے، دوستوں سے دور ہو جائے، ہر وقت غصے میں رہے یا اپنے آپ کو نقصان پہنچانے کی بات کرے، تو سمجھ جائیں کہ بچہ کسی صدمے سے گزر رہا ہے۔ یہ وقت ڈانٹنے کا نہیں، بلکہ اس کے قریب جانے کا ہے۔
بچے اکثر اپنی تکلیف لفظوں میں نہیں بتا سکتے۔ وہ اپنے رویے سے بتاتے ہیں۔ اس لیے والدین کو بچے کے رویے کو سمجھنا چاہیے۔
نتیجہ
بچوں کے نفسیاتی صدمات کوئی چھوٹی بات نہیں ہیں۔ یہ وہ بیج ہیں جو بچپن میں بوئے جاتے ہیں اور پوری زندگی درخت بن کر سامنے آتے ہیں۔ اگر بیج محبت، عزت اور تحفظ کا ہوگا تو درخت بھی خوبصورت ہوگا۔ اور اگر بیج خوف، نفرت اور نظراندازی کا ہوگا تو درخت بھی کانٹوں والا ہوگا۔
ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ بچہ آج کا بچہ ہے مگر کل کا باپ، کل کی ماں، کل کا استاد اور کل کا معاشرہ ہے۔ اگر ہم آج ایک بچے کو سنبھال لیں گے، تو ہم کل ایک پوری نسل کو سنبھال لیں گے۔ اس لیے بچوں کو ڈرانا بند کریں، ان کو سمجھنا شروع کریں۔ ان کو طعنے دینے کے بجائے ان کے زخموں پر مرہم رکھیں۔ کیونکہ جو بچہ آج محبت میں پلے گا، وہ کل محبت بانٹے گا۔










Comments 0
Sign in to join the conversation.
No comments yet. Be the first to say something.