Hya orat ka zewar Hy .
کبھی سوچا ہے اللہ نے عورت کو مرد کی پسلی سے کیوں پیدا کیا؟ سر سے اس لیے نہیں پیدا کیا کہ وہ سر پر سوار ہو جائے، پاؤں سے اس لیے نہیں کہ اسے روند دیا جائے۔ بلکہ پسلی سے، جو دل کے قریب ہے، تاکہ وہ دل کے قریب رہے، دل میں رہے اور دل کی حفاظت بنے۔
دنیا عورت کو دو نظروں سے دیکھتی ہے، ایک ہوس کی نظر سے اور دوسری حسد کی نظر سے۔ ایک کہتی ہے تمہارا جسم سب کچھ ہے، دوسری کہتی ہے تم مرد جیسی بن جاؤ تو ہی کامیاب ہو۔ مگر اسلام نے تیسری نظر دی، عزت کی نظر۔ اسلام نے کہا تم نہ جسم ہو، نہ مرد کی نقل ہو، تم خود ایک مکمل وجود ہو، ایک امانت ہو۔
وہ وجود جس پر اللہ نے قسم کھائی؟ نہیں، جس کی وجہ سے جنت کو سجایا۔
اللہ نے قرآن میں عورت کے نام پر پوری سورۃ نازل کی - سورۃ النساء۔ کسی مرد کے نام پر کوئی سورۃ نہیں۔ بیٹیوں کے ذکر پر فرمایا "وہ بہترین اولاد ہے"۔
مجھے وہ واقعہ یاد آتا ہے جب حضرت فاطمہ

رضی اللہ عنہا آئیں تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی چادر بچھا کر کھڑے ہو گئے۔ وہ باپ جو دونوں جہانوں کا سردار ہے، اپنی بیٹی کے لیے کھڑا ہو رہا ہے۔ یہ ہے بیٹی کی عزت اسلام میں۔
اسلام نے عورت کو "چیزیں" نہیں "رشتے" دیے ہیں۔
دنیا نے عورت کو Item بنایا، اسلام نے اسے رشتہ بنایا۔
جب تک وہ بیٹی ہے تو باپ کی بخشش کا ذریعہ، جب بہن ہے تو بھائی کی غیرت کا تاج، جب بیوی ہے تو شوہر کا آدھا ایمان مکمل کرنے والی، اور جب ماں ہے تو قدموں تلے جنت۔
تم نے کبھی سوچا؟ ایک مرد جتنی بھی عبادت کر لے، جنت اس کے قدموں تلے نہیں آتی، لیکن ایک ماں جب صرف بچے کو جنم دیتی ہے، اللہ جنت لا کر اس کے قدموں میں رکھ دیتا ہے۔ اس سے بڑا مقام اور کیا ہوگا؟
حیا - تمہارا میک اپ نہیں، تمہارا دفاعی نظام ہے
آج کی لڑکی سمجھتی ہے حیا اسے پیچھے کر دے گی۔ میری بہن، حیا تمہیں پیچھے نہیں، محفوظ

کرتی ہے۔
سمندر کی مثال لو۔ سمندر کا پانی کھلا ہے، ہر کوئی اس میں پاؤں ڈالتا ہے، گندہ کرتا ہے۔ مگر وہی پانی جب سیپ کے اندر بند ہوتا ہے تو موتی بن جاتا ہے۔ تم کھلا سمندر بنو گی تو ہر نظر تمہیں گندہ کرے گی، تم بند سیپ بنو گی تو تم موتی بن جاؤ گی۔
حیا کا مطلب صرف برقعہ نہیں۔ حیا آنکھ کی بھی ہے، زبان کی بھی ہے، دل کی بھی ہے اور سوچ کی بھی۔ حیا والی عورت جب بولتی ہے تو اس کی آواز میں بھی وقار ہوتا ہے، جب چلتی ہے تو زمین بھی اس کی عزت کرتی ہے۔
قرآن نے حیا کی سب سے خوبصورت مثال حضرت شعیب کی بیٹی کی دی ہے۔ وہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے پاس آئیں تو کیسے آئیں؟ "تَمْشِي عَلَى اسْتِحْيَاءٍ" وہ حیا پر چلتے ہوئے آئیں۔ اللہ کو ان کا چلنا اتنا پسند آیا کہ قرآن میں قیامت تک کے لیے محفوظ کر دیا۔ نہ ان کے کپڑوں کا رنگ بتایا، نہ قد بتایا، صرف چال کی حیا بتائی۔ کیونکہ اللہ کے نزدیک عورت کی اصل خوبصورتی اس کی حیا ہے۔
تم آزاد ہو، بے قیمت نہیں
مغرب نے تمہیں کہا "میرا جسم میری مرضی"۔ اسلام تم سے کہتا ہے "تمہارا جسم اللہ کی امانت ہے"۔
فرق سمجھو! ایک میں تم خود کو استعمال کر رہی ہو، دوسرے میں تم خود کو بچا رہی ہو۔
وہ تمہیں کہتے ہیں کپڑے اتار دو تو آزاد ہو جاؤ گی۔ اسلام کہتا ہے کپڑے پہن لو تو با عزت ہو جاؤ گی۔ بولو، کس نے زیادہ عزت دی؟ وہ جو تمہیں بازار میں ننگا دیکھنا چاہتا ہے، یا وہ جو تمہیں جنت کی ملکہ دیکھنا چاہتا ہے؟
تمہاری قیمت کیا ہے؟
ایک باحیا عورت کی قیمت اس کی ڈگری نہیں، اس کی نوکری نہیں، اس کا سٹیٹس نہیں۔ اس کی قیمت وہ دعا ہے جو اس کا شوہر اس کے لیے دل سے نکالتا ہے، وہ عزت ہے جو اس کا بیٹا اس کے لیے دنیا کے سامنے کرتا ہے، اور وہ فخر ہے جو اس کا باپ اس کا نام لے کر محسوس کرتا ہے*آج کے جدید دور میں عورت*
آج کے جدید دور میں عورت کو آزادی کے نام پر بے لباس کیا گیا۔
اسے کہا گیا ترقی کرو، مگر ترقی کا مطلب کپڑے اتارنا بنا دیا گیا۔ سوشل میڈیا نے اسے لائکس کی بھوکی بنا دیا، ہر نئی ریل پر اس کی حیا نیلام ہو رہی ہے۔
ماڈرن بننے کے چکر میں وہ ماں، بہن، بیٹی کے اصل مقام سے دور ہو گئی۔ وہ بھول گئی کہ اس کی گود میں قوم کے رہنما پلتے ہیں، اگر وہی ناچنے لگے تو امت کا مستقبل کون سنوارے گا؟
اسلام نے عورت کو روکا نہیں، بچایا ہے۔ مغرب نے اسے نوکری تو دی، مگر عزت چھین لی۔ اسلام نے اسے گھر کی ملکہ بنایا۔
اے بہن! جدید بنو، مگر بے حیا مت بنو۔ تعلیم حاصل کرو، ڈاکٹر، ٹیچر بنو، لیکن اپنی پہچان، اپنی حیا کو مت بیچو۔ کیونکہ تمہاری قیمت تمہاری ڈگری میں نہیں، تمہاری حیا میں ہے۔۔
اے بنتِ اسلام! تم عام نہیں ہو۔ تم وہ ہو جس کی گود میں امت کے لیڈر سوتے ہیں۔ تم اگر آج ٹک ٹاک پر ناچنے والی بن جاؤ گی تو کل تمہاری گود میں صلاح الدین ایوبی کیسے سوئے گا؟ تمہاری گود تو پھر صرف ٹرینڈ دیکھنے والے بچے پیدا کرے گی، امت کا درد رکھنے والے نہیں۔
اپنی قدر پہچانو۔ تم کوئی کھلونا نہیں جسے ہر ہاتھ چھو لے۔ تم وہ راز ہو جسے صرف محرم دیکھ سکے۔ تم وہ کتاب ہو جسے ہر کوئی پڑھ نہ سکے۔
آخر میں صرف ایک بات۔
اللہ نے تمہیں مرد سے کم نہیں بنایا، مختلف بنایا ہے۔ کمپیوٹر اور موبائل دونوں قیمتی ہیں، مگر دونوں کا کام الگ ہے۔ اگر موبائل کہے میں کمپیوٹر بن جاؤں تو وہ موبائل بھی نہیں رہے گا، کمپیوٹر بھی نہیں بنے گا۔ تم مرد جیسی مت بنو، تم عورت جیسی بن کر ہی سب سے قیمتی ہو۔
اپنی حیا کو اپنا زیور بنا لو، دنیا تمہارے قدموں میں ہوگی اور جنت تمہارے انتظار میں۔
اللہ ہر بیٹی کو اپنی عزت سمجھنے کی توفیق دے۔ آمین









Comments 0
Sign in to join the conversation.
No comments yet. Be the first to say something.